ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / 25جون سے جانپدا میلہ 

25جون سے جانپدا میلہ 

Thu, 23 Jun 2016 14:39:32  SO Admin   (ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور)

بنگلورو۔22؍جون(ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور) سپریم کورٹ کے جج جسٹس وی گوپال گوڈا نے آج بتایاکہ کرناٹک جانپدا کی اہمیت کو اجاگر کرنے ک مقصد سے 25تا26جون چکبالاپو ر ضلع چنتامنی تعلقہ کے پیدور میں جانپدا میلے کا اہتمام کیا جائے گا۔ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ محکمۂ کنڑا وکلچر ، اطلاعات ورابطۂ عامہ ، دور درشن مرکز کے علاوہ کولار و چکبالاپور ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے اس میلے کا اہتمام کیاجائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ملک کی ترقی کا انحصار دیہی علاقوں کی ترقی پر ہے۔ اس خصوص میں جانپدا کلچر کو عام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جانپدا کے ذریعہ مختلف امور پر عوامی بیداری پیدا کی جاسکتی ہے، اور کسانوں کو خود کشی سے روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ تقریباً چالیس برس تک انہوں نے دیہی زندگی کو قریب سے دیکھا ہے۔ایسے میں اس طرح کا بیداری پروگرام منعقد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ تربیت یافتہ وکلا کے ذریعہ جانپدا گیت پیش کئے جائیں گے۔ جسٹس ناگ موہن داس نے بتایا کہ اس میلے میں کیرلا ، اڈیسہ ، منی پور، اور تملناڈو سمیت مختلف ریاستوں کے فن کار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے بتایاکہ مختلف ریاستوں کی تہذیب کو متعارف کرانے میں یہ میلہ اہم ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق اس پروگرام کیلئے وزیراعلیٰ سدرامیا نے 25 لاکھ روپیوں کی امداد فراہم کی ہے، اس فنڈ کا استعمال میلے میں حصہ لینے والے فنکاروں کے قیام وطعام پر کیا جائے گا۔ میلے کے پیش نظر بنگلور ، کولاراور چکبالاپور سے خصوصی بسوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس میلے میں تقریباً پانچ ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔ 25جون کو وزیراعلیٰ سدرامیا اس میلے کا افتتاح کریں گے۔محکمۂ اطلاعات ورابطۂ عامہ کے ڈائرکٹر این آر وشو کمار نے بتایاکہ میلے کے دوران محکمہ کے ذریعہ نمائش کے علاوہ لیزر شو کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اسکاؤٹس اینڈ گائیڈس کے کمشنر پی جی آر سندھیا نے بتایاکہ 26 جون کو میلے کی اختتامی تقریب منعقد ہوگی۔ 


Share: